جستجو فوڈز" برانڈ کیوں"
Why the "Justuju Foods" Brand
حالانکہ تیموجن المعروف چنگیز خان نے اپنے ہمہ وقت گھڑسوار فوجیوں کے لیے اس ضرورت کا احساس 13ویں صدی ہی میں کرلیا تھا، میں نے 20ویں اور 21ویں صدی میں اپنی عملی زندگی میں یہ جائزہ لیا اور دیکھا کہ دفتروں میں کام کرنے والے معزّز اور سفید پوش، خواتین و حضرات، چاہے وہ پاکستان میں ہوں، یا سعودی عرب، یا امریکہ میں ۔۔۔۔ انہیں اپنے کام کی مصروفیت میں تیزرفتار ناشتہ اور کھانے درکار ہوتے ہیں۔ ان کے پاس خود متعدد وجوہات کی بناء پر وقت نہیں ہوتا کہ وہ روزانہ گھر سے کچھ تیّار کرکے لے جائیں۔
آج کے کارکن بھی اپنی نشستوں پر کسی گھڑسوارکی طرح براجمان ہوکر کام میں مشغول رہتے ہیں
اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ انہیں دفتر چھوڑ کر بازار جاکر، یا وہاں سے کچھ نہ کچھ منگوانا اور
کھانا پڑتا ہے۔ یہ کھانے اکثر بیش قیمت، اور مُضر صحت بھی ہوتے ہیں۔ اس میں ایک مسئلہ یہ بھی درپیش ہوتا ہے کہ عام طور پر ایسی کھانےکی جگہیں آرام دہ اور صاف نہیں ہوتیں، اور خاص طور پر گرم موسم میں مخصوص وقت کی پابندی میں باہر آنا جانا ایک عذاب جان ہوتا ہے۔ صنف نازک، بیمار، اور عمررسیدہ معزّز افراد کے لیے یہ مسئلہ گھمبیر تر ہے۔
کارکردگی پر اثرپذیری
کسی بھی ادارہ کے چیف، یا منتظم کے لیے یہ امر اہمیت کا حامل ہے کہ ان کے کارکنوں کا وقت ضائع نہ ہو، اور انہیں ایسی سہولیات بہم پہنچائی جائیں، جس سے ان کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہو۔ چنانچہ چند اداروں میں کینٹینوں یا ریستورانوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ میں نے یہ بچشم خود ملاحظہ کیا کہ کمپیوٹر ایسوسی ایٹس انٹرنیشنل، جو دنیا کی سافٹ ویئر کی تیسری بڑی کمپنی ہے، کے لانگ آئی لینڈ، نیویارک، کی وسیع و عریض عمارت میں ایک بڑا ریستوران قائم ہے، جہاں تمام کارکن صبح وقت پر آکر مفت ناشتہ کرتے ہیں۔ اسی طرح گوگل، کیلیفورنیا، مشہور ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کے کھانے پینے کا ازحد خیال رکھتی ہے۔
خود میں نے ہیومن ریسورسز منیجمنٹ کرتے ہوئے آفس ورکرز کے مسائل بغور ملاحظہ کیے، اور سعودی عرب سے 2005 ء میں واپسی پر ایک بڑی تجارتی اکاؤنٹنگ فرم میں کام کرتے ہوئے خاصی تکلیف دہ صورت حال دیکھی۔ جو اسی تجویز کردہ قسم کے حل کی متقاضی تھی۔
حفظان صحت کے بارے میں خدشات
اگر آپ اس تجربہ سے گزرے ہوں، اور ہمارا خیال ہے کہ یقیناً ایسا ہوا ہوگا، تو آپ کے ذہن میں یہ خیالات آتے ہوں گے، کہ پتہ نہیں کہ یہ کھانا حفظان صحت کے اصولوں پر تیّار کیا گیا ہے یا نہیں؟ اور یہ کہ اسے تیّار کرنے والے خود کتنے صاف ستھرے ہیں، وغیرہ۔ اجزاء کا تو کہنا ہی کیا۔۔ مختلف بیماریاں ان ہی وجوہات اور مُضر صحت اجزاء سے پھیلتی ہیں۔
اسی طرح آپ کے ذہن میں بھی یہ خیال آتا ہوگا، کہ یہ تیز کھانا جو میں کھارہا ہوں، یہ کس حد تک میری صحت کے لیے مناسب ہے؟ آپ جانتے ہیں کہ تمام تیزرفتار کھانوں کی چینیں بھی آپ کو یہ نہیں بتاتیں کہ جو بھی الا بلا ہم اور آپ کھارہے ہیں، ان کے اجزاء کس حد تک ہماری صحت کے لیے مناسب ہیں۔ جستجو فوڈز اپنے مینو میں آپ کی توجّہ ان امور کی جانب دلاتا رہے گا۔ تاکہ آپ اپنے لیے ایک مناسب ترین کھانے کا انتخاب کرسکیں۔
چنانچہ، اگر صاف ستھرے گھریلو جیسے ماحول میں اگر کچھ تیزرفتار کھانے تیّار کرکے کم از کم منافع کے ساتھ پیش کردیے جائیں تو ایسے معزّز افراد کی یہ روزانہ کی ضرورت کسی حد تک پوری کی جاسکتی ہے۔
اس بارے میں، اسی نظریہ کے پیش نظر لگ بھگ تین عشروں قبل میں نے اور میری بیگم نے اپنے بچّوں کے لیے روزانہ تازہ لنچ بکس تیّار کرنا شروع کیے۔ نہ صرف میرے بچّوں، بلکہ دیگر اہل خاندان اور بچّوں کے دفتری ساتھیوں نے بھی انہیں پسند کیا۔ اسکول اور کالج، یونی ورسٹی کے زمانوں میں بھی ایسے دل چسپ واقعات پیش آئے کہ ہماری بچّیوں کے لنچ کی لذّت اور انوکھے پن کی بناء پر ان کی سہیلیآں وہ بکس لے کے -- چھین چھان کر- دوڑ پڑیں ۔۔۔
چنانچہ جستجو فوڈز کی ابتداء اسی نظریہ کے ساتھ کی جارہی ہے۔ صاف ستھرے تیز کھانے، مناسب ترین قیمت پر، تمام معزّز دفتری خواتین و حضرات کے لیے۔
شروع میں ایک محدود تعداد میں تیزرفتار کھانے کے بکس مہیّا کیے جائیں گے۔ اور اس کا مینو بھی کسی حد تک محدود رکھا جائیگا۔ تاہم، یکسانیت سے بچنے کے لیے ہفتہ کے مختلف دنوں میں چند مختلف تیزکھانے پیش کیے جائیں گے، جو زیادہ تر برگر کی شکل میں ہوں گے۔ کیونکہ جدید دنیا میں تجربات اور مقبولیت کے پیمانوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ آفس میں بیٹھے، یا بے تکلّفی سے چلتے پھرتے اس نوعیّت کے کھانوں کو باآسانی نوش کیا جاسکتا ہے۔
ان کے ساتھ کوئی صحت بخش مشروب پیش کیا جاسکتا ہے۔
باذوق افراد کی جانب سے ان کی رائے جاننے کا انتظام کیا جارہا ہے، اور اس کی روشنی میں مینو کو وسیع کیا جائیگا۔
!کھانوں کے نسخوں میں سب سے اہم جزو!
کہا گیا ہے کہ کسی بھی کھانے کو تیّار کرتے ہوئے جو سب سے ضروری جزو ہے، وہ ہے " خلوص"، جو شامل کیے جانے پر ہر کھانا مزیدار ہوجاتا ہے۔ چنانچہ ہم آپ کے لیے یہ سب پیش کریں گے، نہایت ہی خلوص کے ساتھ۔
یہاں ہم یہ واضح کردیں کہ جستجو فوڈز کی تمام اشیاء چکن / بکرے کے گوشت سے تیّارکی جاتی ہیں۔ ان میں گائے بھینس کا مضرصحت گوشت استعمال نہیں کیا جاتا۔
*
ایک دل چسپ کہانی: سعودی عرب کے ایک چوٹی کے تاجر نے [دلہ افکو] کس طرح ایسے ہی ایک نظریہ پر کامیابی سے عمل کیا ۔۔۔ جلد ہی ملاحظہ کیجیے
No comments:
Post a Comment